نلسن منڈیلا

نلسن منڈیلا
نلسن منڈیلا نسل پرستی کے خلاف جم کر بولے

نلسن مینڈیلا مشہور آزادی کے متوالوں میں سے ایک ہیں، انہوں نے اپنی ساری زندگی نسل پرست طاقتوں سے لڑتے گزاری اور اپنے ملک جنوبی افریقہ کو آزادی دلائی۔ مینڈیلا جولائی 18، 1918 کو پیدا ہوئے تھے۔ ان کے باپ مقامی قبیلہ کے سرکردہ رہنما تھے۔ مینڈیلا کو بچپن میں 'رولیہلاہلا' پیار کا نام دیا گیا تھا جس کے معنی ان کی زبان 'خوسہ' میں شریر کے ہوتےہیں۔ ان کا انتقال 5 دسمبر 2013 کو جوہانس برگ، جنوبی افریقہ، میں ہوا۔ 1964 میں ان پر مقدمہ چلا، استغاثہ نے سزائے موت مانگی لیکن جج نے عمر قید لکھ دی۔ انہیں 1977 میں رہائی ملی لیکن اس عرصے میں ان کی والدہ اور ایک بچّہ فوت ہو چکے تھے۔ یہاں ہم ان کی مشہور تقریر جو انہوں نے 1964 میں عدات میں اپنا اور پارٹی کا دفاع کرتے ہوئے دی تھی، پیش کرتے ہیں۔
میرے معزّز جج صاحب، میں پہلا ملزم ہوں۔
میں بی اے ہوں، اور کئی سال تک جوہانسبرگ میں وکالت کرتا رہا، وہاں میں نے اس مقدمے کے ایک اور ملزم، مسٹر اولیور ٹامبو، کے ساتھ کام کیا۔ میں ایک سزا یافتہ قیدی ہوں اور پانچ سال کی سزا کاٹ رہا ہوں، جو مجھے بغیر اجازت ملک چھوڑنے، اور مئی 1961 کے آخر میں لوگوں کو ہڑتال پر اُکسانے کے جرم میں دی گئی تھی۔
میں فوری طور پر یہ اعتراف کرتا ہوں کہ میں بھی شامل تھا اُن لوگوں میں جنہوں نے "امکونتو وے سیزوے" کی تشکیل میں حصّہ لیا، اور اگست 1962 میں اپنی گرفتاری تک میں اس کے معاملات میں ایک نمایاں کردار ادا کرتا رہا۔ اس بیان میں، جو میں اب دینے والا ہوں، میں ان غلط تاثّرات کو دور کرنے کی کوشش کروں گا جو سرکاری گواہوں نے پیدا کیے ہیں۔ دیگر باتوں کے ساتھ، میں یہ بھی واضح کروں گا کہ شہادتوں میں جن بعض کارروائیوں کا ذکر کیا گیا ہے وہ "امکونتو وے سیزوے" کی طرف سے نہیں کی گئی تھیں، اور نہ ہی کی جا سکتی تھیں۔
میں افریکن نیشنل کانگریس کے ساتھ تعلّقات، اور ان دونوں تنظیموں کے معاملات میں اپنے ذاتی کردار پر بھی روشنی ڈالوں گا۔ میں کمیونسٹ پارٹی کے کردار کا بھی ذکر کروں گا۔ ان تمام باتوں کی مناسب وضاحت کے لیے مجھے یہ بیان کرنا ہوگا کہ "امکونتو" کے مقاصد کیا تھے؛ ان مقاصد کے حصول کے لیے اس نے کون سے طریقے تجویز کیے؛ اور یہ طریقے کیوں اختیار کیے گئے۔ میں یہ بھی واضح کروں گا کہ میں کس طرح ان تنظیموں کی سرگرمیوں میں شامل ہوا۔
ابتدا ہی میں، میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ریاست کی جانب سے اس کے ابتدائی بیان میں جو یہ تاثّر دیا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی جدّوجہد بیرونی افراد یا کمیونسٹوں کے زیرِ اثر ہے، سراسر غلط ہے۔ میں نے جو کچھ بھی کیا، خواہ ایک فرد کی حیثیت سے یا اپنی قوم کے رہنما کے طور پر، وہ جنوبی افریقہ میں اپنے ذاتی تجربات اور اپنے فخر سے بھرپور افریقی پس منظر کی بنیاد پر کیا، نہ کہ کسی بیرونی شخصیت کے کہنے پر۔
اپنے بچپن میں، ٹرینسکے میں، میں اپنی قوم کے بزرگوں سے ان کے پرانے زمانے کی کہانیاں سنتا تھا۔ ان کہانیوں میں میرے آبا ؤ اجداد کی وہ جنگیں بھی شامل تھیں جو انہوں نے اپنے وطن کے دفاع میں لڑی تھیں۔ ڈنگانے، بامباتھا، ہنٹسا، ماکانا، سکنگاتھی، دالاسیلے، موسہوشوئے اور سیکھوخونے وہ نام تھے جنہیں پوری افریقی قوم کا فخر اور شان کے طور پرسرہایا جاتا تھا۔ اُس وقت میں امید کرتا تھا کہ زندگی مجھے بھی اپنے لوگوں کی خدمت کا موقع دے اور میں ان کی آزادی کی جدّوجہد میں اپنا معمولی سا حصّہ ڈال سکوں۔ یہی جذبہ اس مقدمے میں مجھ پر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے میرے ہر عمل کی بنیاد رہا ہے۔
یہ بات کہنے کے بعد، میں فوراً اور کچھ تفصیل کے ساتھ تخریب کاری کے سوال پر بات کروں گا۔ اب تک عدالت میں جو کچھ پیش کیا گیا ہے، اس میں کچھ باتیں درست ہیں اور کچھ غلط۔ تاہم، میں اس بات سے انکار نہیں کرتا کہ میں نے تخریب کاری کی منصوبہ بندی کی۔ میں نے یہ منصوبہ بندی نہ تو لاپروائی کے جذبے سے کی اور نہ ہی مجھے تشدّد سے کوئی محبّت ہے۔ بلکہ میں نے یہ فیصلہ ایک پُرسکون اور سنجیدہ جائزے کے بعد کیا، جو کئی برسوں سے میرے لوگوں پر سفید فاموں کی ظلم، استحصال اور جبر کی پالیسیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر مبنی تھا۔
میں اس بات کی تردید کرتا ہوں کہ "امکونتو" ان متعدد کارروائیوں کی ذمّہ دار تھی جو واضح طور پر تنظیم کی پالیسی سے باہر تھیں، مگر جنہیں ہمارے خلاف فردِ جرم میں شامل کیا گیا ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ ان کارروائیوں کا کوئی جواز تھا یا انہیں، اور کس نے انہیں انجام دیا؛ لیکن یہ ثابت کرنے کے لیے کہ وہ "امکونتو" کی طرف سے نہ منظور کی گئی تھیں اور نہ ہی کی جا سکتی تھیں، میں مختصراً تنظیم کی بنیاد اور اس کی پالیسی کا ذکر کرنا چاہتا ہوں۔

میں پہلے ہی ذکر کر چکا ہوں کہ میں ان افراد میں شامل تھا جنہوں نے "امکونتو" کی بنیاد رکھی۔ میں اور میرے ساتھیوں نے یہ تنظیم دو وجوہات کی بنا پر قائم کی۔ پہلی وجہ یہ تھی کہ ہم سمجھتے تھے کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں افریقی عوام کی جانب سے تشدّد ناگزیر ہو چکا تھا، اور اگر ان کے جذبات کو منظّم اور قابو میں رکھنے کے لیے ذمّہ دار قیادت فراہم نہ کی جاتی، تو دہشت گردی کے ایسے واقعات رونما ہوتے جو ملک کی مختلف نسلوں کے درمیان ایک ایسی شدّت کی نفرت اور دشمنی پیدا کر دیتے جو جنگ سے بھی زیادہ خطرناک ہوتی۔
دوسری وجہ یہ تھی کہ ہم نے سمجھ لیا تھا کہ تخریب کاری کے بغیر افریقی عوام کے پاس سفید فام برتری کے اصول کے خلاف اپنی جدّوجہد میں کامیابی حاصل کرنے کا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔ اس اصول کے خلاف پرامن اور قانونی طریقوں سے اظہارِ مخالفت کے تمام راستے قانون سازی کے ذریعے بند کر دیے گئے تھے، اور ہمیں اس صورتحال میں لا کھڑا کیا گیا تھا کہ یا تو ہم ہمیشہ کے لیے کمتر حیثیت کو قبول کر لیں یا حکومت کی نافرمانی کریں۔ ہم نے حکومت کی نافرمانی کا راستہ اختیار کیا۔ ابتدا میں ہم نے قانون کو بغیر تشدّد کا راستہ اپنائے توڑا؛ لیکن جب اس طریقے کو بھی غیر قانونی قرار دے دیا گیا اور حکومت نے اپنی پالیسیوں کی مخالفت کو کچلنے کے لیے طاقت کا استعمال شروع کیا، تب ہم نے فیصلہ کیا کہ تشدّد کا جواب تشدّد سے دیا جائے۔
لیکن جس تشدد کو ہم نے اختیار کیا، وہ دہشت گردی نہیں تھا۔ ہم، جنہوں نے "امکونتو" کی بنیاد رکّھی، سب کے سب افریکن نیشنل کانگریس کے رکن تھے، اور ہمارے پیچھے سیاسی مسائل کو حل کرنے کے لیے اے این سی کی عدم تشدّد اور مزاکرات کی روایت موجود تھی۔ ہم یہ سمجھتے تھے کہ جنوبی افریقہ ان تمام لوگوں کا ہے جو اس میں رہتے ہیں، نہ کہ کسی ایک گروہ کا، چاہے وہ سیاہ فام ہو یا سفید فام۔ ہم نسلی جنگ نہیں چاہتے تھے اور آخری حد تک اس سے بچنے کی کوشش کرتے رہے۔ اگر عدالت کو اس بارے میں کوئی شک ہو تو ہماری تنظیم کی پوری تاریخ اس بات کی تصدیق کرے گی، اور آئندہ جب میں اُن حکمتِ عملیوں کا ذکر کروں گا جو "امکونتو" نے اختیار کیں، تو یہ بات مزید واضح ہو جائے گی۔ لہٰذا میں افریکن نیشنل کانگریس کے بارے میں کچھ کہنا چاہتا ہوں۔
(جاری ہے)

-

تبصرہ آپ کا
ﺗﺑﺻره آﭘﮑﺎ